سعودی عرب کا تونس کے استحکام میں ساتھ دینے کے عزم کا اظہار

 Prince Faisal bin Farhan

Prince Faisal bin Farhan

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے تونس کے صدر قیس سعید سے جمعہ کے روز ملاقات کی ہے۔

تفصیل کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب، تونس میں امن واستحکام چاہتا ہے۔ تونس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی میں معاون ہر اقدام کا ساتھ دیں گے۔

شہزادہ فیصل بن فرحان سے اس سے قبل پیر کو تونس کے وزیر خارجہ عثمان الجرندی نے ٹیلیفون پر رابطہ قائم کیا تھا۔

انہوں نے سعودی عرب اور تونس کے برادرانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں انہیں مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا جبکہ تونس کے وزیر نے شہزادہ فیصل کو اپنے ملک کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا تھا۔

سعودی وزیر خارجہ نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ ’انہوں نے صدر قیس سعید کو پھر اطمینان دلایا ہے کہ سعودی عرب برادر ملک تونس میں امن واستحکام اور خوشحالی کا خواہاں ہے۔ اس حوالے سے جو اقدامات کیے جائیں گے، سعودی عرب ان کا ساتھ دے گا‘۔

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق شہزادہ فیصل نے تونس کے صدر، عوام اور حکومت کو شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام وحکومت کی طرف سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا ہے۔

سعودی وزیر خارجہ نے اس موقع پر برادر ملک تونس کی تازہ صورتحال اور ملک کے اقتصادی و صحت صورتحال میں استحکام لانے والے فیصلوں کا جائزہ لیا ہے۔

تونسی صدر نے کرونا وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں بروقت مدد پر سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد کے فوری برادرانہ ردعمل پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

سعودی وزیر خارجہ نے تونس کے صدر سے کہا کہ ’سعودی عرب، تونس کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر گامزن ہے‘۔
’ تونس کے اندرونی امور کو ریاستی خودمختاری کا حصہ سمجھتے ہیں۔ سعودی عرب پھر یہ یقین دہانی کرانا چاہتا ہے کہ برادر ملک تونس کا امن و استحکام اسے بے حد عزیز ہے‘۔

سعودی وزیر خارجہ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ’ تونس کی قیادت موجودہ حالات سے نمٹنے کی اہل ہے۔ تونس کے برادر عوام کی ترقی وخوشحالی اور باوقار زندگی کے اہداف حاصل کرسکتی ہے‘۔

اس موقع پر تونس کے وزیر خارجہ عثمان الجرندی اور تونس میں متعین سعودی سفیر عبدالعزیز الصقر اور وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود بھی موجود تھے۔