عمان (اصل میڈیا ڈیسک) بحيرہ عرب ميں عمان کے جزیرے سے کچھ دوری پر اسرائیلی ارب پتی تاجر کے آئل ٹینکر پر حملے میں عملے کے 2 ارکان ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بحیرہ عرب میں عمان کے جزیرے مسیرہ کے نزدیک ارب پتی اسرائیلی تاجر کے آئل ٹینکر پر حملہ کیا گیا ہے۔ اس آئل ٹینکر پر مغربی افریقی ملک لائبیریا کا پرچم لہرا رہا ہے۔
برطانوی فوج نے دعوی کيا ہے کہ عمان کے دارالحکومت سے 300 کلوميٹر کی دوری پر جزيرہ مسيرہ کے قريب ایک بحری جہاز پر حملہ کیا گیا ہے تاہم اس کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی تھیں۔ ادھر اسرائیلی تاجر کی برطانوی کمپنی زوڈیاک میری ٹائم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے کا نشانہ بننے والا آئل ٹینکر ان کی کمپنی کا تیار کردہ ہے اور جاپان اس جہاز کی ملکیت رکھتا ہے۔
زوڈیاک میری ٹائم کے بیان کے مطابق یہ حملہ بحری قذاقوں کی جانب سے کیا گیا ہے تاہم عالمی ذرائع سے اس بات کے تصدیق نہیں کی گئی ہے اس حوالے سے تفتیشی عمل جاری ہے۔
سابق امریکی صدر کی ایران سے متعلق پالیسیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے تناؤ سے خلیجی پانیوں پر آئل ٹینکرز کے حملوں کا آغاز ہوا تھا تا ہم تاحال کسی گروپ کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔