لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) جہانگیر ترین گروپ سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کی ضمانت منظور ہو گئی۔
سیشن کورٹ لاہور نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ایم پی اے نذیر چوہان کی ضمانت منظور کی۔
شہزاد اکبر کے نمائندے نے عدالت میں بیان دیا کہ شہزاد اکبر نے نذیر چوہان کو معاف کر دیا ہے، نذیر چوہان کی ضمانت پر شہزاد اکبر کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔
ضمانت منظور ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے نذیر چوہان کے بیٹے کی جانب سے ضمانتی مچلکے جمع کروائے گئے جنہیں ایڈیشنل سیشن جج راشد پھلروان نے منظور کر لیا جس کے بعد ان کی رہائی کی روبکار بھی جاری کر دی گئی۔
دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان سے ایم پی اے نذیر چوہان کا ٹیلی فون پر رابطہ ہوا جس میں نذیر چوہان نے شہزاد اکبر سے صلح کروانے پر صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔