لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) موسم کی مہربانی سے پاکستانی کرکٹرز کو پریکٹس کا اچھا موقع مل گیا جب کہ پہلے روز بارش سے متاثر ہونے پر انٹرا اسکواڈ میچ کو سیناریوبیس مشقوں میں تبدیل کر دیا گیا۔
برج ٹاؤن میں جمعے کو قومی ٹیسٹ کرکٹرز کا انٹرا اسکواڈ میچ شیڈول تھا لیکن بارش کی وجہ سے کافی وقت ضائع ہوگیا،اس صورتحال میں ٹیم مینجمنٹ نے ہفتے کو سیناریو بیس مشقیں کرانے کا فیصلہ کیا۔
بیٹسمینوں کی ایک جوڑی کو کریز پر بھیج کر ہدف حاصل کرنے اور بولرز کو روکنے کا ٹاسک دیا جاتا رہا، اس دوران عابد علی، عمران بٹ،اظہر علی، بابر اعظم، محمد رضوان اور فواد عالم کو اچھی پریکٹس کا موقع مل گیا، شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس،حسن علی، فہیم اشرف، یاسر شاہ اور نعمان علی نے بھی اپنے اسپیل میں لائن و لینتھ برقرار رکھنے کی کوشش کی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں کپتان بابر اعظم نے کہاکہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے بعد اپنے مزاج کو ٹیسٹ کرکٹ کے مطابق ڈھالنے میں تھوڑی مشکل پیش آتی ہے،کم وقت اور پریکٹس کے ساتھ گیئر تبدیل کرنا آسان نہیں ہوتا، کھیلنے کا انداز، ہر سیشن کی پلاننگ اور اس پر عمل کیلیے تحمل مزاجی سب کی اہمیت ہے، بہر حال ہم نے اپنے طور پر کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلیے پوری کوشش کی ہے،کیریبیئنز کیخلاف عمدہ کارکردگی دکھانے کیلیے تیار ہیں۔
عابد علی نے کہا کہ میں نے گذشتہ اننگز ہرارے میں کھیلی،زمبابوے کیخلاف ناقابل شکست ڈبل سنچری سے اعتماد حاصل ہوا، ویسٹ انڈیز کی کنڈیشنز کو سمجھنے کیلیے کوچز اور سینئرز سے رہنمائی لے رہا ہوں،ٹیم کیلیے بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔