شام (اصل میڈیا ڈیسک) شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد نے انکشاف کیا ہے کہ شمال مشرقی شام میں موجود ایرانی پاسداران انقلاب کی ملیشیا نے اسرائیلی یا بین الاقوامی اتحاد کی جانب سے بم باری کے اندیشے کے سبب اپنی تیاری کر لی ہے۔
اس سلسلے میں فضائی شکن نظام کو دیر الزور کے دیہی علاقے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ المرصد کے مطابق دیر الزور کے مشرق میں المیادین شہر کے اطراف ایرانی پاسداران انقلاب مکمل طور پر چوکنا ہے۔ اس دوران میں 20 سے زیادہ عسکری گاڑیوں کو شہر کے اطراف منتقل کیا گیا ہے۔ ان گاڑیوں پر طیارہ شکن بھاری بندوقیں نصب ہیں۔
پاسداران نے چند روز قبل المیادین کے اطراف المزارع کے علاقے میں متحرک فضائی دفاعی نظام تعینات کیا تھا۔ اس پر زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل موجود ہیں۔
المرصد گروپ نے گذشتہ اتوار کے روز فُرات کے مغربی علاقے سے بتایا تھا کہ ایرانی پاسداران انقلاب ملیشیا نے المزارع کے علاقے میں طیاروں کا پتہ لگانے والا “ریڈار” نصب کیا۔
یہ علاقہ شامی اراضی پر ایران کا سب سے بڑا ٹھکانہ یا کالونی شمار ہوتی ہے۔ یہاں ریڈار کی تنصیب کی نگرانی ایرانی شہریت رکھنے والے عسکری ماہرین نے کی۔