سندھ میں 19 اگست تک اسکول بند رکھنے کا فیصلہ

Schools

Schools

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سندھ میں 19 اگست تک اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ کا صوبائی وزیر اسماعیل راہو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 19 اگست تک صوبے میں اسکول بند رہیں گے کیونکہ 7 محرم سے جلوس شروع ہو جاتے ہیں جس کے باعث بچوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

سید سردار شاہ نے بتایا کہ 10 اگست سے انٹر کے رہ جانے والے پرچے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اساتذہ اور اسٹاف کی ویکسی نیشن پر بھی نظر رکھی جائے گی۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ہم آج تک ریڈیو کے معجزات پڑھا رہے ہیں، ہمیں اپنے نصاب پر نظر ثانی کرنا ہو گی، اسکول کا نظام بہتر کریں تو والدین اپنے بچوں کو سرکاری اسکول ہی لائیں گے۔

سید سردار شاہ نے کہا کہ 8 محرم الحرام کو صورتحال پر نظرثانی کے لیے دوبارہ اجلاس بلائیں گے۔

صوبائی وزیر برائے جامعات اینڈ بورڈز اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ بورڈز امتحانات کے لیے نیا شیڈول مرتب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ امتحانات میں نقل کی اجازت نہیں ہو گی، پرچے آؤٹ ہونے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا ہے، بورڈز بھی سرکیولر جاری کریں گے کہ سختی کی جائے گی۔