اسرائیل (اصل میڈیا ڈیسک) اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز نے کہا ہے کہ ایران خطے اور دنیا کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کو ایران اور حزب اللہ کو روکنا چاہیے۔ اگر دنیا نہیں روکے گی تو اسرائیل تنہا ایران اور حزب اللہ کا مقابلہ کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ حزب اللہ پر دباؤ ڈالنے کے لیے اسرائیل لبنان میں اہم اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیر جانبدار رہنا ممکن نہیں ہے جبکہ ایران اپنے جوہری منصوبے میں آگے بڑھ رہا ہے۔
امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگان) نے منگل کے روز اس بات کی تصدیق کی کہ ایران کا رویہ خطے کے لیے خطرے کی نمائندگی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تہران دہشت گرد ملیشیاؤں کی حمایت اور سرمایہ کاری جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم عسکری طور پر ایران سے نمٹنے کے قابل ہیں اور ہمیں ان پر برتری حاصل ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا تھا کہ 29 مارچ کواسرائیلی آئل ٹینکر “مرسر اسٹریٹ” پر حملہ ایرانی ڈرونز سے کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یو ایس ایس‘ رونالڈ ریگن طیارہ بردار جہاز سے دھماکہ خیز مواد میں مہارت رکھنے والی ایک ٹیم نے شواہد کی جانچ کی اور زندہ بچ جانے والے عملے کے ارکان سے انٹرویو لیا۔
ایک اسرائیلی کمپنی سے تعلق رکھنے والے مرسر اسٹریٹ جہاز پر ڈرون سے حملہ کیا گیا جس میں اس کے عملے کے دو ارکان ہلاک ہوگئے۔ تاہم ایران مسلسل اس حملے میں ملوث ہونے سے انکار کرتا آ رہا ہے۔