افغانستان میں جان و مال کا تحفظ کیا جائے؛ سعودی عرب کا طالبان اور تمام جماعتوں کے نام پیغام

Saudi Arabia

Saudi Arabia

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب نے طالبان اور تمام افغان جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں عوام کے جان ومال کا تحفظ کریں۔

سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے طالبان کے افغان دارالحکومت کابل میں داخلے اور کنٹرول کے ایک روز بعد سوموار کو ٹویٹرپر پہلا بیان جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ ’’سعودی عرب افغان عوام کے کسی بیرونی مداخلت کے بغیر انتخاب کے ساتھ کھڑا ہے۔‘‘

بیان میں اس امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ افغانستان میں صورت حال جلد ہی مستحکم ہو جائے گی۔

طالبان نے اتوار کو دارالحکومت کابل سمیت ملک کے بیشتر علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا اور افغان صدر اشرف غنی اقتدار چھوڑ کرکابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے بذریعہ طیارہ بیرون ملک چلے گئے تھے۔

ان کی روانگی کے بعد طالبان افغان ایوان صدر میں داخل ہوگئے تھے۔تاہم انھوں نے ایک دن بعد بھی اپنی نئی حکومت کا اعلان نہیں کیا ہے اور وہ اپنے زیرقبضہ علاقوں پر اپنی گرفت مضبوط بنانے اور امن وامان کی صورت حال کو قابو میں رکھنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔