اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) قومی ائیر لائن پی آئی اے کا خصوصی طیارہ کابل میں پھنسے مسافروں کو لے کر واپس پاکستان پہنچ گیا۔
ترجمان قومی ائیر لائن کے مطابق پی آئی اے کی پرواز صبح 7 بجے کابل سے اسلام آباد کے ہوائی اڈے پر پہنچی، افغانستان میں طالبان کے کنٹرول کے بعد یہ پہلی بین الاقوامی پرواز تھی۔
ترجمان نے کہا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر اس پرواز کی واپس روانگی تک معلومات محدود رکھی گئیں، پرواز کیلئے پی آئی اے انتظامیہ افغان حکومت و سول ایوی ایشن اور نیٹو حکام کے ساتھ رابطے میں رہی۔
ترجمان کے مطابق پرواز میں پاکستانیوں، غیر ملکی سفارتی مشن اور اہم عالمی اداروں کے لوگوں کو ریسکیو کیا گیا، مسافروں کی ائیرپورٹ تک رسائی و اجازت نامے کے پی آئی اے کے کابل میں موجود زمینی عملے نے انتظامات کیے۔
سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے اس اہم پرواز کو آپریٹ کرنے والے عملے کو شاباش دی اور مسافروں کو خوش آمدید کہا۔
واضح رہے کہ افغان دارالحکومت کابل پر طالبان کے کنٹرول کے بعد خراب ہونے والی صورتحال کے باعث کابل ائیرپورٹ کو بند کردیا گیا تھا تاہم امریکی حکام نے گزشتہ روز ائیرپورٹ کو سویلین ائیر ٹریفک کےلیے کھولنے کا اعلان کیا۔