اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان میں عالمی وبا کورونا سے مزید 65 افراد انتقال کر گئے اور 3 ہزار سے زائد نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 53 ہزار 770 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3084 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 65 افراد انتقال کرگئے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 5.73 فیصد رہی۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 24 ہزار 848 ہوگئی اور مجموعی کیسز 11 لاکھ 19 ہزار 970 تک جا پہنچے ہیں۔
اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3648 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 10 لاکھ 6 ہزار 78 ہوگئی ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 89044 ہے۔