روسی میڈیا کا افغانستان میں یوکرین کا طیارہ ہائی جیک ہونے کا دعویٰ

Ukrainian Plane

Ukrainian Plane

افغانستان (اصل میڈیا ڈیسک) روسی خبر رساں ایجنسی نے افغانستان میں یوکرین کا طیارہ ہائی جیک کیے جانے کا دعویٰ کیا ہے تاہم یوکرین کی جانب سے اس کی تردید کی گئی ہے۔

روسی خبر رساں ایجنسی ٹاس کی ایک رپورٹ کے مطابق یوکرین کے نائب وزیر نے بتایا کہ یوکرین کا طیارہ مسافروں کے افغانستان سے انخلا کے لیے کابل پہنچا تھاجس کے بعد مسلح ہائی جیکرز طیارے کو گزشتہ روز کابل سے ایران لے گئے۔

نائب وزیر کے مطابق ہائی جیک کیےگئے طیارے میں یوکرین کے باشندوں کے بجائے دیگر شہری بھی سوار ہیں۔

نائب وزیر نے کہاکہ انخلاکی ہماری اگلی 3کوششیں بھی کامیاب نہیں ہوسکی ہیں کیوں کہ ہمارے لوگ ہوائی اڈے میں داخل نہ ہوسکے ہیں۔

روسی میڈیاکے مطابق نائب وزیر کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ طیارہ اب کس حالت میں ہے اور اسے ہائی جیکرز سے آزاد کرانے کے لیے کیا کوششیں کی جائیں گی۔

دوسری جانب یوکرین کی وزارت خارجہ نے طیارہ ہائی جیک کیے جانے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہےکہ یوکرین کا طیارہ شہریوں کو نکالنے کے لیے کابل بھیجا گیا۔