روس (اصل میڈیا ڈیسک) روسی صدر ولا دیمر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ نے ٹیلی فونک بات چیت میں افغانستان کی تازہ صورتحال پر غور کیا۔
صدارتی محل کریملن کی جانب سے جاری کردہ تحریری بیان میں روسی اور چینی سربراہان کے ٹیلی فون پر رابطے کی اطلاع دی گئی ہے۔
مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات سمیت افغانستان کے مسائل کا جامع جائزہ لیا گیا ہے، بتایا گیا ہے کہ سربراہان نے افغانستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ جیسے خطرات سے نمٹنے کے لیے کوششوں میں تیزی لانے کا اظہار کیا ہے۔
اس دوران افغانستان میں فی الفور امن کے قیام اور عدم استحکام کے ماحول کے ہمسایہ ممالک تک پھیلنے کا سد باب کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا، اس دائرہ عمل میں شنگھائی تعاون تنظیم کو زیادہ سے زیادہ سطح پر بروئے کار لائے جانے کی منصوبہ بندی بھی گئی۔
بیان کے مطابق لیڈران نے افغانستان کے معاملے پر دو طرفہ روابط میں فروغ اور اٹھائے جانے والے اقدامات کو بھی ہم آہنگی کے ساتھ اٹھائے جانے پر اتفاق رائے کیا ہے۔