افغانستان (اصل میڈیا ڈیسک) امریکا نے افغانستان سے انخلا ڈیڈلائن سے قبل ہی مکمل کیا اور وہاں موجود آخری امریکی فوجی بھی پیر کی رات 12 بجے سے پہلے ہی کابل ائیرپورٹ سے روانہ ہو گئے اور اس طرح امریکا کی 20 سالہ طویل جنگ کا خاتمہ ہوا۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘ آخری امریکی فوجی دستہ 12 بجے کابل ائیر پورٹ سے چلا گیا ہے اور ہمارے ملک نے اپنی مکمل آزادی حاصل کرلی ہے ، خدا کا شکر ہے’۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فوج کے انخلا مکمل ہونے پر طالبان کی جانب سے فائرنگ کی گئی اور جشن منایا گیا۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘کابل میں فائرنگ کی آوازیں امریکی فوجیوں کے انخلا پر خوشی کا اظہار ہے شہری پریشان نہ ہوں’۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان پر امریکا اورنیٹو کا 20 سال کا قبضہ آج ختم ہو گیا، 20 سال کے جہاد، قربانیوں اور سختیوں کے بعدیہ تاریخی لمحات قابل فخر ہیں۔