کابل (اصل میڈیا ڈیسک) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچ گئے۔
ڈی جی آئی ایس آئی کے ساتھ ایک اعلی سطح کا وفد بھی کابل گیا ہے۔ جنرل فیض حمید کی کابل ایئرپورٹ پر تصویر بھی سامنے آئی جس میں انہوں نے ہاتھ میں چائے کا کپ پکڑا ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد طالبان کی افغان شوریٰ کی دعوت پر کابل کا دورہ کررہا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید طالبان قیادت سے پاک افغان سکیورٹی پر بات چیت کریں گے۔ ملاقات میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات، سیکیورٹی سمیت اہم دوطرفہ امور پر بات چیت ہوگی۔ دورے کے دوران پاک افغان سرحدی صورتحال ، مجموعی سلامتی کے مسئلے پر بات چیت کی جائے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ فساد پیدا کرنے والے اور دہشت گرد تنظیمیں صورتحال کا فائدہ نہ اٹھائیں۔
ڈی جی آئی ایس آئی پاکستانی سفیر سے ملاقات بھی کریں گے جس میں افغانستان سے انخلاء اور راہداری کے معاملات پر بات چیت ہو گی۔
غیر ملکی اور بین الاقوامی تنظیموں کے عملے کی پاکستان کے رستے وطن واپسی اور اس حوالے سے زیر التواء درخواستوں کے مسئلے پر بات چیت ہوگی۔ پاکستان کے رستے ٹرانزٹ کے لیے سہولتوں کی فراہمی کے لیے متعدد ممالک نے درخواست کی ہے۔