لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) متوقع چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ اور کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں متوقع چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ اور کھلاڑیوں کے درمیان ملاقات ہوئی جو 2 گھنٹے جاری رہی جب کہ ملاقات میں عبوری کوچز ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق بھی موجود تھے۔
سابق کپتان رمیز راجہ کی خواہش پر کھلاڑیوں سے ان کی ملاقات کا اہتمام کیا گیا تھا اور کھلاڑیوں سے ملاقات کے بعد رمیز راجہ نے کوچز سے الگ ملاقات بھی کی اور اپنے پلانز کے بارے میں انہیں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
رمیز راجہ کو پیٹرن انچیف پی سی بی عمران خان نے پی سی بی گورننگ بورڈ میں نامزد کیا ہے اور وہی پی سی بی کے اگلے متوقع چیئرمین ہوں گے جس کا انتخاب 13 ستمبر کو ہوگا اور اس کے لیے گورننگ بورڈ کا اجلاس پہلے ہی طلب کیا جا چکا ہے۔
سابق کپتان رمیز راجہ کے بلا مقابلہ پی سی بی کے نئے چئیرمین منتخب ہونے کا قومی امکان ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے ون ڈے اسکواڈ کے کھلاڑیوں نے کل اسلام آباد میں اکٹھے ہونا ہے، رمیز راجہ نے ملاقات میں اپنے ویژن اور روڈ میپ کے حوالے سے کھلاڑیوں کو بتایا اور انہیں اعتماد میں لیا۔
انہوں نے کھلاڑیوں سے مخاطب ہوتے کہا کہ پی سی بی کی تبدیلوں پر دھیان نہ دیں، کرکٹ پر فوکس کریں، ٹیم کو عمدہ کرکٹنگ ماحول دیا جا رہا ہے، آپ نڈر ہو کر کرکٹ کھیلیں، جدید دور کی کرکٹ یہی تقاضا کرتی ہے کہ آپ جارحانہ انداز اپنائیں اور شروع سے کھیل پر غلبہ پائیں۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ یہی ماڈرن ڈے کرکٹ ہے اور اسی کے مطابق چلنا ہے تاکہ فائٹنگ نظر آئے، اسی کے مطابق سب کو ڈھالنا ہے اور یہ مشکل نہیں ہے، اس طرز کی کرکٹ کھیلنے کے لیے اور آپ سب کو بتانے کے لیے ہم سب موجود ہیں اور کوچز اسی طرز کی کرکٹ آپ کو کھلائیں گے جس میں ہر کھلاڑی کا رول مختص کیا جائے گا اور وہ اسی کے مطابق کھیلیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک تسلسل نظر آئے گا جو کہ آج کی کرکٹ میں بہت ضروری ہے، غیر ضروری تبدیلیاں نہیں کی جائیں گی اور کسی کے رول کو تبدیلی نہیں کیا جائے گا۔
رمیز راجہ نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ منتخب ہو چکا ہے، ابھی ہمارے پاس وقت ہے، مجھے اسی اسکواڈ سے بڑی امیدیں ہیں، تمام کھلاڑی ورلڈکپ میں اپنا 100 فیصد دیں، آنے والی سیریز اہم ہیں، آپ سب باصلاحیت ہیں اور آپ بہت کچھ کرسکتے ہیں، خود کو برانڈ بنائیں، کرکٹ پاکستان کا مقبول کھیل ہے، فینز کو آپ سے بہت توقعات ہیں اس کے مطابق پرفارم کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کی رینکنگ اس سے بہت بہتر ہوسکتی ہے، اسے پرفارمنس سے بہتر کرنا ہے۔