لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہیٰ کا کہنا ہے کہ میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی متنازع بل ہے، اس پر نظرثانی کی جائے۔
چوہدری پرویزالہیٰ کا کہنا ہے کہ میرا نہیں خیال کہ وزیر اعظم عمران خان ایسے متنازع بل کی منظوری دیں گے۔
اسپیکرپنجاب اسمبلی پرویزالہیٰ کا پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی متنازع بل ہے، اس پر نظرثانی کی جائے۔
ملاقات میں آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی(اے پی این ایس)،کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای)،پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یوجے)، ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹر اور نیوز ڈائریکٹرز ( ایمنڈ) اور دیگر نمائندہ صحافتی تنظیمیں شریک ہوئیں۔
اس موقع پر چوہدری پرویزالہیٰ کا کہنا تھا کہ ٹھنڈے دل سے حکومت اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو سمجھانا پڑے گا کہ بلدیاتی اور عام انتخابات دور نہیں ، میڈیا کی آزادی پر قدغن لگانا ہمارے اپنے مفاد میں نہیں ہے ۔
اسپیکرپنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے اُمید ہے کہ وہ میڈیا کی تنقید کو مثبت اندازمیں لیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اپنے دور حکومت میں بھی میڈیا کی تنقید کو کھلے دل سے قبول کیا۔