کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

Karachi Rain

Karachi Rain

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج بھی گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق دوپہر میں شہرمیں تھنڈر سیلز بننے کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے، کہیں کہیں تیز بارش بھی ہوسکتی ہے،مون سون سسٹم نے سندھ خصوصاً جنوبی سندھ کو اپنی لپٹ میں لیا ہوا ہے، سسٹم کا پھیلاؤ کراچی تک پہنچ رہا ہے، 11ستمبر تک شہر میں بارش کا امکان ہے۔

کراچی میں گذشتہ رات موسلا دھاربارش ریکارڈ کی گئی، ڈیڑھ گھنٹے تک بارش کےبعد زیادہ تر سڑکوں پرجمع پانی صبح تک اترگیا۔

نیپا ، سفاری پارک، سرجانی ٹاؤن ، شاہراہ فیصل مسیحی قبرستان ، نیو ٹاؤن ،لیاقت آباد سپر مارکیٹ ، ڈاک خانہ ، جو ہر چورنگی ، عا ئشہ منزل، گارڈن سمیت متعدد علاقوں میں پانی جمع ہے۔

تین ہٹی پل، جہانگیر روڈ، ایم اے جناح روڈ پر چند مقامات پر اب بھی پانی موجود ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 11 ستمبر تک گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

سب سے زیادہ بارش سرجانی میں 58 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اورنگی ٹاؤن 37، ناظم آباد 32، مسرور بیس17،کیماڑی میں 15 ملی میٹر بارش ہوئی۔

یونیورسٹی روڈ 7.8،گلشن حدید میں 4 ملی میٹربارش ہوئی۔ جناح ٹرمینل 2.8، پی اے ایف فیصل بیس پر 2 ملی میٹر ، نارتھ کراچی میں 51 ملی میٹر اور سب سے کم بارش اولڈ ائیرپورٹ پر1.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔