دبئی (اصل میڈیا ڈیسک) دبئی کی ملکیتی فضائی کمپنی الامارات ایئرلائن 11 ستمبر سے سعودی عرب کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرے گی۔اس نے یہ اعلان سعودی عرب کی جانب سے متحدہ عرب امارات پرکووِڈ-19 کے تعلق سے عاید سفری پابندیاں ختم کرنے کے ایک روز بعد کیا ہے۔
الامارات ائیرلائنز11 ستمبر سے سعودی عرب کے لیے ہفتہ وار 24 پروازیں چلائے گی۔ان میں دارالحکومت الریاض اور الدمام کے لیے روزانہ پروازیں، جدہ کے لیے روزانہ ائیربس اے 380 کی پروازیں اور مدینہ منورہ کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں شامل ہیں۔
فضائی کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پرمزید کہا ہے کہ الریاض جانے والی پروازیں 16 ستمبر سے روزانہ بڑھ کر دگنا کردی جائیں گی اورستمبرکے آخرتک دوسرے مقامات کے لیے پروازوں کی تعداد میں اضافے کے منصوبے پرکام جاری ہے۔
سعودی عرب نے منگل کے روزکروناوائرس کی وباکو پھیلنے سے روکنے کے لیے اپنے شہریوں پرعاید سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا اور8 ستمبر سے مملکت اور متحدہ عرب امارات، ارجنٹائن اور جنوبی افریقا کے درمیان پروازوں کی بحالی کی اجازت دے دی تھی۔
سعودی وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ مقامی اورعالمی سطح پروبائی مرض کی صورت حال کی مسلسل نگرانی کی بنیاد پرزمینی اور سمندری سرحدوں کے ساتھ ساتھ ہوائی اڈوں پرعاید پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سعودی عرب نے یو اے ای میں گذشتہ چند ماہ میں کروناوائرس کی متعدی ڈیلٹا شکل کے سیکڑوں کیسوں کی تشخیص کے بعد تین جولائی سے اپنے شہریوں کےامارات کے سفرپر عاید پابندی عاید کردی تھی۔
الامارات ایئرلائن نے روس کے شہرسینٹ پیٹرزبرگ کے لیے بھی اپنی پروازیں 11 ستمبر سے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔