بلوچستان (اصل میڈیا ڈیسک) اپوزیشن کی جانب سے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائے جانے پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا ردعمل سامنے آگیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے اپنےخلاف تحریک عدم اعتماد کو نظر انداز کر دیا اور کہا کہ ان کی جماعت اوراتحادی ساتھ ہیں تواپوزیشن سے فرق نہیں پڑتا۔
انہوں نے کہا کہ جس دن ان کی جماعت اور اتحادیوں کی اکثریت نےعدم اعتمادکیا تو وہ خود عہدہ چھوڑ کر چلےجائیں گے۔
بلوچستان میں اپوزیشن نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سیکرٹری اسمبلی کو جمع کرائی ہے جس پر 16 ارکان اسمبلی کے دستخط ہیں۔
اس حوالے سے اپوزیشن ارکان کا کہنا تھا کہ جام کمال نے جو کارکردگی دکھائی اس پر انہیں حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں، صوبے میں بد امنی، کرپشن، لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے۔
اپوزیشن نے دعویٰ کیا کہ تحریک عدم اعتماد والے دن سارے نمبر پورے ہو جائیں گے۔
ارکان کا کہنا تھاکہ 7 دن کے اندر اس تحریک پر اجلاس بلایا جائے گا، ابھی مطلوبہ تعداد سامنے نہیں لائیں گے تاہم تحریک عدم اعتماد والے دن سارے نمبر پورے ہوجائیں گے۔
دوسری جانب بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کی تحریک جمع کرانا اپوزیشن کا حق ہے لیکن مطلوبہ تعداد بھی لائیں۔