سعودی خواتین ملازمین کی اوسط ماہانہ تنخواہ میں مردوں کے مقابلے میں زیادہ اضافہ

Saudi Women

Saudi Women

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی خواتین ملازمین کی اوسط ماہانہ تنخواہوں میں مرد ملازمین کے مقابلے میں زیادہ اضافہ ہوا۔

سعودی عرب کے ایک اخبار الوطن میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق 2020 کی دوسری ششماہی میں سعودی خواتین ملازمین کی اوسطً ماہانہ تنخواہوں میں مرد ملازمین کے مقابلے میں زیادہ اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق2020 کی دوسری ششماہی میں مرد ملازمین کی ماہانہ تنخواہ 3 ہزار 944 سعودی ریال ( یعنی ایک لاکھ 78 ہزار سے زائد پاکستانی روپے ) جبکہ خواتین ملازمین کی ماہانہ تنخواہ4 ہزار 105 سعودی ریال ( تک یعنی ایک لاکھ 85 ہزار سے زائد پاکستانی روپے ) پہنچ گئی اور خواتین کی ماہانہ تنخواہ میں یہ اضافہ پہلی بار رجسٹرڈ ہوا۔

یہ رپورٹ ہیومن ریسورسز اور سوشل ڈیولپمینٹ کی وزارت ، سوشل انشورنس کی جنرل تنظیم (GOSI) ، اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ فنڈ (HADAF) کی نیشنل لیبر آبزرویٹری کے اعداد و شمار پر مبنی تھی۔

رپورٹ کے مطابق ،اس سے قبل نئے بھرتی ہونے والے سعودی مرد وخواتین ملازمین کی اوسط ماہانہ تنخواہوں میں 2020 کی پہلی ششماہی کے اختتام پر تقریباً 231 سعودی ریال کا معمولی فرق ریکارڈ کیا گیا تھا ،مردوں کی اوسط تنخواہ 4 ہزار 539 جبکہ خواتین کی تنخواہ 4 ہزار 308 سعودی ریال تھی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سالانہ بنیادوں پر مردوں کی 603 سعودی ریال کے مقابلے میں خواتین کی تنخواہوں میں 613 سعودی ریال کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سالانہ بنیادوں پر نئے بھرتی سعودی مردوں اور خواتین کی تنخواہوں میں بالترتیب 603 سعودی ریال (15.32 فیصد) اور 613 سعودی ریال (16.59 فیصد) کا اضافہ ہوا۔