تہران (اصل میڈیا ڈیسک) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہےکہ کسی ایک نسلی یا سیاسی گروپ سے تعلق رکھنے والی حکومت افغانستان کے مسائل حل نہیں کرسکتی۔
خبر ایجنسی کےمطابق ٹی وی پر خطاب میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ایران افغانستان کے ساتھ سرحد پر داعش کی موجودگی کی اجازت نہیں دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی سرحد کے دوسری جانب کسی دہشتگرد گروپ، داعش کی موجودگی اور دوسرے ممالک پر حملوں کی اجازت نہیں دیں گے، افغانستان میں داعش کی موجودگی نہ صرف افغانستان بلکہ پورے خطے کے لیے خطرناک ہے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ کسی ایک نسلی یا سیاسی گروپ سے تعلق رکھنے والی حکومت افغانستان کے مسائل حل نہیں کرسکتی لہٰذا افغانستان میں تمام شراکت داروں پر مشتمل حکومت تشکیل دی جائے۔
ایران نے زور دیا کہ طالبان افغانستان میں مستقبل کے حل کا حصہ ضرور بنیں۔