کورونا مثبت کیسز کی شرح میں نمایاں کمی، 4.22 فیصد ریکارڈ

Corona Cases

Corona Cases

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) کورونا وائرس مثبت کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیسز کی شرح 4.22 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 51 ہزار 348 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2 ہزار 167 کورونا مثبت کیسز سامنے آئے جب کہ مثبت کیسز کی شرح میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی جو 4.22 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے باعث مزید 40 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے باعث اموات کی تعداد27 ہزار246 ہوگئی جب کہ کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 12 لاکھ 26 ہزار 8 ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلا کربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اورہرایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔