ڈیرہ اسماعیل خان (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مافیاز سسٹم سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور بڑے مافیاز ملک میں قانون کی بالادستی قائم نہیں ہونے دیتے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں کسان کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے بڑے بڑے مافیاز قانون کی بالادستی قائم نہیں ہونے دیتے، مافیا کہتے ہیں ہمیں این آر او دے دو، باقیوں کو پکڑو لیکن ایسا معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔
وزیراعظم نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ یہ مافیاز اربوں روپے کی جائیداد کی ایک رسید نہیں دے سکے، رسیدیں دینے کے بجائے باہر سے بیٹھ کر تقریریں کی جا رہی ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا ملک کی بہتری کے لیے الیکشن کا نہیں اگلی نسلوں کا سوچنا پڑتا ہے، ہم قانون کی بالادستی کے لیے مافیاز کے خلاف جنگ میں کامیاب ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری آبادی بڑھتی رہی اور پیداوار نہ بڑھی تو ملک میں بھوک ہو گی، درآمد کی وجہ سے کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتیں بڑھیں، خود کفیل بننے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔