حکومتی اقدامات سے 21 یونیورسٹیاں عالمی و ایشیائی رینکنگ میں شامل ہوئیں، عثمان بزدار

Usman Bazdar

Usman Bazdar

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ حکومت کے تعلیم دوست اقدامات کی بدولت صوبے کی 21 یونیورسٹیاں عالمی اور ایشیائی رینکنگ میں شامل ہوئی ہیں۔

صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی جس میں ہائر ایجوکیشن کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ راجہ یاسر ہمایوں نے وزیر اعلیٰ کو ہائر ایجوکیشن سے متعلق صوبائی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلٰی نے کہا کہ جدید تعلیم ہر بچے کا حق ہے، ذہین اور مستحق طلبہ کو 83 کروڑ 40 لاکھ روپے کے رحمت اللعالمین ﷺ اسکالر شپ دئیے جا رہے ہیں، گزشتہ برس کی نسبت ہائر ایجوکیشن کو 285 فیصد زائد فنڈز دئیے جا رہے ہیں۔ صوبے بھر میں 590 کالجز کو ایسوسی ایٹ ڈگری اور 201 کالجز گریجویٹ بی ایس فور ائیر لیول اپ گریڈ کئے گئے ہیں، پنجاب میں 75نئے کالجز بنائے گئے ہیں جب کہ مزید 86 نئے کالجز قائم کئے جائیں گے۔۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہر ضلع میں یونیورسٹی بننے سے طلبہ کو گھر کے قریب اعلیٰ تعلیم کے مواقع ملیں گے، پنجاب کی جامعات میں چپ ڈیزائنگ ٹولز پراجیکٹ شروع کیا جارہا ہے، سیالکوٹ میں اسٹیٹ آف دی آرٹ انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی بنائی جا رہی ہے- پنجاب حکومت کے تعلیم دوست اقدامات کی بدولت عالمی اور ایشیائی رینکنگ میں پنجاب کی 21 یونیورسٹیاں شامل ہوئی ہیں۔