کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی سمیت دیہی سندھ کے اضلاع اور مکران کے ساحلی علاقوں میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی جانب سے جاری ویدرایڈوائزری کے مطابق شمالی بحیرہ عرب میں تشکیل پانے والے ہوا کے کم دباؤ کے نتیجے میں سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔
سائیکلونک اسٹورم(سمندری طوفان)گلاب کا باقی ماندہ حصہ ہوا کے کم دباؤ کی صورت میں وسطی بھارت میں موجود ہے جس کا رخ بھارتی گجرات کی جانب ہے،29یا30ستمبر کی دوران شمال مشرقی بحیرہ عرب میں مناسب موسمی صورت حال ملنے کے باعث دوبارہ شددت پکڑ سکتا ہے،اس کے زیر اثر کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین آج سے2اکتوبر کے دوران وسع پیمانے پر بارشوں کا امکان ہے۔ طوفانی بارش کراچی میں اربن فلڈنگ کا باعث بن سکتی ہے جبکہ،ٹھٹھ، حیدرآباد، دادو میں بھی اربن فلڈنگ کا خطرہ رہے گا۔
ادھر لسبیلہ، سومیانی،اورڑماڑا، پسنی گوادر تربیت اور جیوانی میں بھی طوفانی بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے،بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 30 سمتبر سے 3 اکتوبر کے درمیان وسع پیمانے پر بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 30ستمبر سے3اکتوبر کے دوران سمندر میں طغیانی اور کبھی انتہائی طغیانی رہ سکتی ہے،کھلے سمندر میں مچھلی کے شکار پرجانے والے ماہی گیر اس دورانیے میں سمندر میں جانے سے گریز کریں تاہم دوپہر کے وقت کراچی شہر کے مختلف علاقوں صدر، کلفٹن، برنس روڈ، عائشہ منزل، لیاقت آباد، شاہراہ فیصل، لیاقت آباد، کراچی ائرپورٹ، فیڈرل بی ایریا، گلستان جوہر میں کہیں پھوار اور کہیں ہلکی بارش ہوئی۔