افغانستان سے غیرقانونی طور پر سرحد پار کرنا موت کو دعوت دینے کے مترادف

Afghan

Afghan

افغانستان (اصل میڈیا ڈیسک) کسی کو اپنے خوابوں کی تعبیر چاہیے تو کوئی فکرِ معاش سے مجبور ہے، لیکن غیرقانونی طور پر افغانستان کی سرحد پار کرنے کا خطرناک سفر موت کو دعوت بھی دے سکتا ہے۔

بند سرحدوں سے تنگ افغانستان سے غیرقانونی طور پر سرحد پار کرنے والے ان راستوں پر سفر کرتے ہیں جہاں ان کی ایک غلطی موت کو دعوت دے سکتی ہے۔

فیشن اندسٹری سے وابستہ ایک ماڈل نے اپنی شناخت پوشیدہ رکھتے ہوئے بتایا کہ اب یہاں کام کرنا ممکن نہیں رہا، میں نے اس سے قبل ایک مرتبہ زمینی راستے سے ایران جانا چاہا تھا، پڑوسی ممالک کو چاہیے کہ ہم پر راستے کھولیں۔

چند ماہ قبل سرحد پار کرنے کی ناکام کوشش کے بعد افغان ماڈل ایک بار پھر اپنے اہلخانہ کے ہمراہ ان ہی پر خطر راستوں پر جانے کیلئے تیار ہے۔

افغان ایران سرحدی صوبے نمروز میں حالات بھی کافی پیچیدہ ہیں۔ راستوں پر گاڑیوں کی قطار اور ہر گاڑی میں کئی مسافر، سب کی خواہش یہی کہ کسی طرح سرحد عبور کی جائے۔ اسمگلرز کو رقم دینے کے باوجود جان سلامت رہنے کی کوئی ضمانت نہیں۔

ایک شخص نے بتایا کہ افغانستان میں ملازمت ختم ہو رہی تھی، 5 ماہ قبل میں نے سرحد پار کرنے کا فیصلہ کیا لیکن ایرانی سرحد پر فائرنگ کی وجہ سے زخمی ہو گیا، گولی ریڑھ کی ہڈی میں لگنے کی وجہ سے نچلا دھڑ ہمیشہ کیلئے مفلوج ہوگیا۔

دوسری جانب پاک افغان سرحد طورخم پر آمدورفت محدود ہے لیکن سرحد کے ساتھ سنگلاخ پہاڑوں کے دامن میں دھول اڑاتے پتھریلے راستوں پر قافلے رواں دواں ہیں۔