لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں سینٹرل پنجاب نے سدرن پنجاب کو یکطرفہ مقابلے کے بعد باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
سدرن پنجاب کی ٹیم نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے پہلے مرحلے میں 6 میچز کھیلنے کے باوجود جیت کا کھاتہ نہ کھول سکی ۔
سینٹرل پنجاب کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو سودمندثابت ہوا۔ پہلے فہیم اشرف اور پھر حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سدرن پنجاب کی بیٹنگ لائن اپ کو 18.4 اوورز میں محض 119 رنز پر ڈھیر کردیا۔
سدرن پنجاب کے صرف 2 کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔ اعظم خان 45 اور آغا سلمان 40 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
حسن علی نے 24 رنز کے عوض 4 جبکہ فہیم اشرف نے 14 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
سینٹرل پنجاب نے 120 رنز کا ہدف 16 گیندیں قبل 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سینٹرل پنجاب کے آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹسمین احمد شہزاد تھے۔ وہ 12 کے مجموعی اسکور پر 9 رنز بنا کر نوجوان بولر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد کپتان بابراعظم اور تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 64 رنز کی شراکت قائم کر کے سینٹرل پنجاب کو فتح کے مزید قریب لے گئے۔ کامران اکمل 28 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
بابراعظم 59 اور حسین طلعت 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
ٹورنامنٹ کا دوسرا مرحلہ 6 اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔