کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی، سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان کو بے روزگاروں کے ساتھ مذاق قرار دیا ہے۔
ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے اپنے بیان میں کہا کہ فواد چوہدری نے پی ٹی آئی حکومت کی طرف سے ملک میں ایک کروڑ نوکریاں دینے کا بیان دیا تھا جو حقیقت کے برعکس اور ملک کے بے روزگار نوجوانوں کے ساتھ گھناؤنے مذاق کے مترادف ہے یہ بے حس حکومت ہے اور عوام کا مذاق اْڑانا ان کا وطیرہ بن چکا ہے۔
مرتضی وہاب نے مزید کہا کہ فواد چوہدری سمیت پی ٹی آئی حکومت کو بے روزگار نوجوانوں کا کوئی احساس نہیں،ایک کروڑ نوکریاں دے دینے کا بیان کھلا مذاق ہے، فواد چوہدری بتائیں یہ نوکریاں کہاں اور کس کو دی گئی ہیں؟، بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ خدارا بدترین مہنگائی، افلاس اور غربت کے ماروں کا مذاق اڑانا چھوڑ دیں ورنہ عوام کے غیض و غضب کا شکار ہوں گے۔
عوام پہلے ہی سلیکٹڈ سرکار سے تنگ آچکے ہیں،3 سال میں ہی حکومت نے ملکی عوام کو بدترین مشکلات جبکہ ملک کو کنگال کردیا ہے، قرضوں میں جکڑے ملک کو مزید مشکلات میں گھیر دیا ہے۔