رجب طیب ایردوان کی شہریوں سے کورونا وائرس ویکسین لگوانے کی اپیل

 Recep Tayyip Erdoan

Recep Tayyip Erdoan

ترکی (اصل میڈیا ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے شہریوں سے کورونا وائرس ویکسین لگوانے کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ “ہم، ویکسین مہم کے تمام مراحل کو تیزی سے طے کر کے جس قدر جلد اجتماعی قوت مدافعت حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں موسم سرما اسی قدر آرام سے گزرے گا”۔

صدر ایردوان نے بیش تیپے ملت کنوینشن سینٹر میں پیشہ وارانہ تعلیم کے 1000 اسکولوں اور تحقیق و ترقی ‘R-D’ کے 50 مراکز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔

خطاب میں کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد کے موضوع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ “وباء کے خلاف جدوجہد میں سائنس اور طِب کے وسائل سے استفادہ کرنا بحیثیت انسان اور بحیثیت مسلمان ہمارا فرض ہے۔ ہماری حکومت نے “انسان کو زندہ رکھو کہ حکومت زندہ رہے” کے اُصول سے ہم آہنگ شکل میں متعدد ترقی یافتہ ممالک سے بھی پہلے اپنے شہریوں کو تمام ضروری امکانات فراہم کئے ہیں”۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت تعلیمی سرگرمیاں کسی سنجیدہ مسئلے سے دوچار ہوئے بغیر جاری ہیں۔ تعلیم و صحت کی وزارتیں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کے سدباب کے لئے ہر طرح کی کوشش کرنا جاری رکھے ہوئے ہیں۔

صدر ایردوان نے کہا ہے کہ بالمشافہ تعلیم کا آغاز ہوئے پانچ ہفتے گزر گئے ہیں۔ اس مرحلے کو بغیر کسی مسئلے کے جاری رکھنے کے لئے ہم سب کو کوشش کرنی چاہیے۔

شہریوں سے ویکسین لگوانے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ” ویکسین مہم کو تیزی سے مکمل کر کے جس قدر جلد ہم اجتماعی قوت مدافعت کو مضبوط بناتے ہیں اسی قدر آسانی سے موسم سرما گزار سکیں گے۔ بصورت دیگر سرد موسم کی وجہ سے متوقع صحت کے مسائل پر قابو پانا دشوار ہو جائے گا۔ مجھے یقین ہے کہ اس معاملے میں تمام شہری ضروری حساسیت کا مظاہرہ کریں گے۔