کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی ہمشیرہ بختاور بھٹو نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بختاور اور ان کے شوہر محمود چوہدری نے 10.10.2021 کی تاریخ کے ساتھ بیٹے کی پیدائش کا اعلان کیا اور خدا کا شکر بھی ادا کیا۔
اس کے ساتھ ہی بلاول نے ٹوئٹ کی کہ وہ آفیشلی ماموں بن گئے ہیں جبکہ آصفہ بھٹو زرداری نے لکھا کہ وہ خالہ بن گئی ہیں اور بہت خوش ہیں۔
بختاور کی جانب سے بیٹے کی پیدائش کے اعلان کے بعد سے ہی لوگوں کو ان کے بیٹے کی پہلی جھلک کا انتظار ہے تاہم اب تک خاندان کی جانب سے نومولود کی کوئی تصویر جاری نہیں کی گئی ہے۔
البتہ آج بختاور بھٹو نے انسٹا اسٹوری پر بچوں کے انتہائی نگہداشت وارڈ (NICU) کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ’میرے پیٹ سے شروع ہوا اور اب ہم یہاں ہیں۔‘
اس بارے میں بختاور نے مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی کہ NICU کی تصویر پوسٹ کرنے سے ان کی مراد کیا ہے۔
عام طور پر نومولود کو حفاظتی اقدام کے طور پر چند گھنٹوں یا دنوں کے لیے NICU میں رکھا جاتا ہے جبکہ اگر خدانخواستہ بچے کو کوئی طبی مسئلہ ہو تو اس کا دورانیہ بڑھ بھی سکتا ہے اور اسے مسلسل انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا جاتا ہے۔