ابوظبی (اصل میڈیا ڈیسک) آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے ابتدائی راؤنڈ میں دوسرے دن سری لنکا کا سامنا نمیبیا سے ہوگا، آئرلینڈ اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں بھی آمنے سامنے ہوں گی۔
سابق چیمپئن سری لنکا اس بار سپر 12 میں براہ راست رسائی پانے میں ناکام رہا ہے ، آئی لینڈرز کو ابتدائی مرحلے میں ایسوسی ایٹ ممالک سے ٹکرانے کے بعد پیشقدمی جاری رکھنے کا موقع ملے گا، سری لنکن ٹیم کو اس بار ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا ساتھ میسر ہے، نمیبیا کی ٹیم 18 برس بعد بڑے اسٹیج پر واپس آئی ہے، سری لنکا نے 2014 میں ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ اپنے نام کیا جبکہ اسکے بعد ان کے تجربہ کار پلیئرز کی ریٹائرمنٹ کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس کے بعد انھیں بہترین متبادل کی تلاش کا چیلنج درپیش ہے۔
کمار سنگاکارا، مہیلا جے وردنے، تلکارتنے دلشان، رنگانا ہیراتھ، لسیتھ مالنگا، نووان کولاسیکرا اور تیشارا پریرا نے بین الاقوامی کرکٹ سے رخصت لے لی تھی، رینکنگ میں تنزلی کے سبب سری لنکا کو اس بار پہلے راؤنڈ میں قسمت آزمائی کرنا پڑی ہے۔
سری لنکا کو انگلینڈ میں بائیو سیکیور ببل میں قواعد کی خلاف ورزی کرنیپر معطلی کا سامنا کرنیوالے نیروشن ڈکویلا، کوشل مینڈس اور دنوشکا گوناتلکے بھی ٹیم سے دوری اختیار کیے ہوئے ہیں، سری لنکا کا انحصار نوجوان پلیئرز پر ہے، اس میں 24 سالہ چیراتھ ایسالینکا، اویشکا فرنانڈو، کیمینڈو مینڈس اور سیمر چمیکا کرونا رتنے اہم ثابت ہوسکتے ہیں۔
دنیش چندیمل اور کوشل پریرا کی موجودگی سے کپتان ڈوسان شناکا کا کام آسان ہوسکتا ہے، ونندو ہارا سنگھا بھی دنیا کے ٹاپ بولر بنے ہوئے ہیں، سری لنکن ٹیم 2003 کے ایڈیشن کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ مرحلے پر واپس آرہی ہے، افریقی ٹیم کی حالیہ پرفارمنس بہتر رہی ہے اور حریف ٹیموں کے لیے کسی طور پرآسان ہدف نہیں ہے۔
کپتان ایرسمس نے 3 نصف سنچریاں بنائیں، آل راؤنڈر جے جے سمٹ 168 کے اسٹرائیک ریٹ سے 190 رنز بنارکھے ہیں، کریگ ولیمز اور اسٹیفن بارڈ بھی ٹاپ آرڈر میں قیمتی رنز بنانے کی اہلیت رکھتے ہیں، نمیبیا نے سابق جنوبی افریقی انٹرنیشنل ڈیوڈ ویسی کو منتخب کیا ہے، پیر کو دن کا پہلا میچ دوپہر 3 بجے آئرلینڈ اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلا جائیگا۔