امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیپیٹل حملہ کیس کا ریکارڈ خفیہ رکھنے کے لیے عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ٹرمپ نے امریکی پارلیمنٹ کیپیٹل ہل پر حملے کے کیس کی تحقیقات کرنے والی کانگریس کمیٹی کی تحقیقات کو بھی عدالت میں چیلنج کیا ہے۔
سابق امریکی صدر کی جانب سے کولمبیا کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا گیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہےکہ ایوان نمائندگان کی کمیٹی کی جانب سے مانگے جانے والے ریکارڈ کو قانونی تحفظ کے دائرے میں ایگزیکٹو حیثیت حاصل ہے جو وائٹ ہاؤس کی خفیہ کمیونی کیشن کا تحفظ بھی کرتا ہے۔
ٹرمپ کی جانب سے دائر مقدمے میں مزید کہا گیا ہے کہ ریکارڈ مانگنے کے حوالے سے کمیٹی کی درخواست کی کوئی مثال نہیں ملتی، یہ کمیٹی کے دائرے سے باہر ہے اور اس ریکارڈ کو منظر عام پر لانے کا کوئی قانونی مقصد نہیں ہے۔
سابق امریکی صدر کی جانب سے عدالت سے رجوع کرنے پر کمیٹی ممبران نے ٹرمپ پر تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام عائد کیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ٹرمپ کے صدارت کے آخری ایام میں ان کے حامیوں نے امریکی پارلیمنٹ کی عمارت پر حملہ کیا تھا جس کی انہوں نے حمایت کی تھی جب کہ اس واقعے کے بعد ٹرمپ کو مواخذے کی تحریک کا بھی سامنا تھا جو کامیاب نہ ہوسکی۔