سعودی عرب کی مساجد میں نمازیوں کے درمیان سماجی فاصلہ برقرار

Saudi Arabia Mosque

Saudi Arabia Mosque

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور اور دعوت و ارشاد کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مُملکت کی مساجد میں کرونا وبا کے خطرے کے پیش نظرنمازیوں کے درمیان سماجی فاصلے پر عمل درآمد جاری ہے۔ وبائی کے حالات کے یپش نظر وقتا فوقتا مجاز حکام اور اداروں کی ہدایت پر مساجد میں ’ایس اوپیز‘ کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

وزارت مذہبی امور نے کل منگل کو ایک بیان میں وضاحت کی کہ پبلک ہیلتھ اتھارٹی “وقایہ” کی سفارشات کی روشنی میں مساجد میں نمازیوں کے درمیان فاصلے کا اطلاق جاری ہے کیونکہ مساجد میں ہر عمر اور صحت کی مختلف حالتیں ہوتی ہیں۔

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ جن مقامات پر’توکلنا‘ ایپ کے ذریعے زائرین کی صحت کے جانچ نہیں کی جاسکی وہاں پر ماسک پہننے اور سماجی فاصلے پر سختی کے ساتھ عمل درآمد کرایا جائے گا۔

وزارت مذہبی امور نے کہا کہ مملکت میں صحت کے حوالے سے صرف مجاز اداروں اور حکام کی طرف سے ہدایات پرعمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے شہری کسی قسم کی افواہوں پر کان نہ دھریں بلکہ کرونا ایس اوپیز کے حوالے سے سرکاری اور مجاز اداروں کی طرف سے ملنے والی ہدایت پرعمل درآمد کرائیں۔