اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھارت سے یادگار فتح پر کہا ہے کہ میرے اختیار میں ہوتا تو آج کی چھٹی کا اعلان کرتا۔
وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست پر تاریخی جشن منایا گیا، گزشتہ روز بھارت کے ساتھ میچ عام کرکٹ میچ نہیں کرکٹ پلس تھا۔
بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست کو بہت بڑی فتح قرار دیتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میرا فائنل کل ہی ہو گیا، میرا ورلڈ کپ کل ہی تھا جو پاکستان نے جیت لیا، میرے اختیار ہوتا تو آج عام تعطیل کا اعلان کر دیتا۔
کالعدم تنظیم کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کالعدم تنظیم کے ساتھ مذاکرات بہت اچھے رہے، سعدرضوی کے اصرار پر مذاکراتی کمیٹی کی سربراہی کررہا ہوں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کالعدم تنظیم کے مطالبات پارلیمنٹ میں لے کر جائیں گے، کالعدم تنظیم چاہتی ہے کہ ان کے مطالبات جلد از جلد پارلیمنٹ کی کمیٹی میں بھیجے جائیں۔
ایک سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹی ایل پی کالعدم تنظیم ہے البتہ ان کے ساتھ انڈر اسٹینڈنگ ہوئی ہے، ان سے کیے وعدوں پر پہرہ دیں گے، مذاکرات فورتھ شیڈول،کیسز اورکالعدم کے معاملے پر ہو رہے ہیں۔
مہنگائی کے خلاف مظاہروں پر وزیرداخلہ نے کہا کہ حکومت کو مسئلہ ہی ایک ہے، وہ ہے مہنگائی، البتہ پی ڈی ایم جلسوں میں انہیں مہنگائی سے متاثر کوئی چہرہ نظر نہیں آیا، عوام نے پی ڈی ایم کو رسپانس نہیں دیا، مریم نواز اور دیگر ٹی وی، ٹی وی کھیل رہے ہیں۔