ملک اور عوام کے ہر مسئلے کا واحد حل عمران خان کے استعفیٰ میں ہے، ترجمان (ن) لیگ

Maryam Aurangzeb

Maryam Aurangzeb

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملک اور عوام کے ہر مسئلے کا واحد حل عمران خان کے استعفیٰ میں ہے۔

روپے کی قدر میں کمی اور عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت بڑھنے کے تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کے امکان پر ترجمان (ن) لیگ نے کہا کہ تین سال آئی ایم ایف کی تابعداری میں عوام کا معاشی قتل کیا گیا ہے، ہر روز عوام کو غریب اور بے روزگار کیا جا رہا ہے، عمران خان کی کوئی سمت اورحکمت عملی نہیں، مہنگائی کے 70 سال کے ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں، نالائقی ناہلی اور کرپشن کے تاریخی ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں، ہر روز آٹا ، چینی ، انڈے ، سبزیاں ، پھل ،خورنی تیل ، گھی، پڑول ، گیس ، بجلی اور دوائی مہنگی ہو رہی ہے،

ترجمان (ن) لیگ نے کہا کہ ملک میں ترقی کے عمل اور تمام منصوبوں کو تالا لگا ہوا ہے، والدین بچوں کے سکول کے سردی کے یونیفارم خریدنے کے قابل نہیں رہے، لوگ ماں باپ کے لئے دوائی نہیں خرید سکتے،لوگ گھر کا کرایہ دینے سے مجبور ہوچکے ہیں، خواتین گھر کا سوداسلف نہیں خرید سکتیں، عوام کے چولہے بجھ چکے ہیں اور جیب خالی ہے، پاکستان اور عوام کے ہر مسئلے کا واحد حل عمران خان کے استعفیٰ میں ہے، ظالم حکومت کا راستہ روک کر ہی مہنگائی کا راستہ روکا جا سکتا ہے۔