اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوامیں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات 19 دسمبر سے خیبرپختونخوامیں ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 4 نومبر سے 8 نومبر تک جمع کروائے جا سکیں گے، ریٹرننگ افسران کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی 10 سے 12 نومبر تک کریں گے۔ جب کہ کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 16 نومبر تک دائر کی جاسکیں گی۔ ٹربیونلز19 نومبر تک اپیلوں پر فیصلہ کریں گے اور الیکشن کمیشن 23 نومبر کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کردے گا۔
بلدیاتی انتخابات کے لیے مالاکنڈ، باجوڑ، مردان، صوابی، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک، ڈی آئی خان، بنوں، ٹان، ہری پور، خیبر، مہمند، چارسدہ، ہنگو اور لکی مروت میں بھی 19 دسمبر کو پولنگ ہوگی۔ انتخابات تحصیل اور نیبرہُڈ کونسل کے لیے ہوں گے، جس میں ووٹر اپنے میئر/ چیئرمین اور اراکین منتخب کرنے کے لیےاپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔