پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

Pakistan vs New Zealand

Pakistan vs New Zealand

شارجہ (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے بعد نیوزی لینڈ کو بھی شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ میں حارث رؤف کی عمدہ بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 134 رنز بنا سکی جس کے جواب میں پاکستان نے آصف علی کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت ایک اوور پہلے ہی مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم پچھلے میچ کے برعکس بابراعظم اس بار صرف 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد فخرزمان بیٹنگ کے لیے آئے اور 11 رنز ہی بنا سکے، محمد حفیظ بھی 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

محمد رضوان بھی 33 رنز پر ہمت ہار بیٹھے اور عماد وسیم 11 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے تاہم شعیب ملک نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور آخر میں آصف علی نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے گراؤنڈ میں چھکوں کی برسات کردی۔ شعیب ملک اور آصف علی 27،27 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

اس سے قبل پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل ڈیرل مچل نے اننگز کا آغاز کیا، گپٹل 17 رنز بنانے کے بعد حارث رؤف کا شکار بنے اور مچل 27 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے جب کہ جمی نیشام صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

کپتان کین ولیمسن نے ڈیوڈ کونوے کے ساتھ اسکور بورڈ کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم 25 رنز بنانے کے بعد حسن علی نے انہیں اپنی ہی گیند پر رن آؤٹ کردیا اور ڈیوڈ کونوے بھی 27 رنز پر ہمت ہارگئے۔ گلین فلپس کی اننگز کا خاتمہ 13 رنز پر حارث رؤف نے کیا۔