اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) نیشنل بینک آف پاکستان کے سرور پر سائبر حملہ سے صارفین کو خدمات کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔
نیشنل بینک آف پاکستان کے حکام کا بتانا ہے کہ 29 اکتوبر کی رات اور 30 اکتوبر کی صبح کے درمیان نیشنل بینک کے سرور پر سائبر حملہ کیا گیا، سائبر حملے سے بینک خدمات کا سلسلہ جزوی طور پر متاثر ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ سسٹم کو بروقت الگ کر دیا گیا، سائبر حملے میں بینک کو کسی قسم کے ڈیٹا یا مالیاتی نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
ترجمان نیشنل بینک کے مطابق سائبر حملے کے تدارک اور سسٹم کی مکمل درستگی کے لیے دستیاب وسائل اور ملکی و غیر ملکی ماہرین کی خدمات بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔
بینک ترجمان کا کہنا ہے فی الحال صارفین کو خدمات کی فراہمی معطل ہے، پیر کی صبح سے بنیادی بینکنگ خدمات کی بحالی متوقع ہے۔