خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات؛ پی ٹی آئی نے امیدواروں کے چناؤ کیلیے مشاورت شروع کر دی

PTI

PTI

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری ہونے کے بعد حکومتی جماعت تحریک انصاف متحرک ہوگئی ہے اور 17 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے امیدواروں کے چناؤ کے لیے مشاورت شروع کردی گئی ہے جبکہ خواہشمند امیدواروں نے بھی پارٹی ٹکٹ کے لیے تگ و دو شروع کر دی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے بلدیاتی شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے، 19 دسمبر کو خیبرپخونخوا کے 17 اضلاع میں پہلے مرحلے کے انتخابات ہورہے ہیں، حکومتی جماعت تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات کے لیے متحرک ہوگئی ہے، قومی صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کی سطح پر انتخابی سرگرمیاں شروع ہوگئی ہیں۔

ارکان اسمبلی بھی بلدیاتی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کے لیے متحرک ہوگئے ہیں، حلقوں کی سطح پر اجلاس کیے جارہے ہیں، نیبرہوڈ ، ویلج کونسل اور تحصیل کونسل کے امیدواروں کے چناو کے لیے مشاورت کی جارہی ہے۔

پی ٹی آئی کے کارکن بھی ٹکٹ کے حصول کے لیے کوششیں کررہے ہیں لیکن پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے امیدواروں کے چناو میں مشکلات کا سامنا ہے ایک ایک نشست کے لیے کئی امیدوار میدان میں ہیں اسی لیے ابھی تک امیدواروں پر مشاورت کا عمل جاری ہے۔