لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ کالعدم کا لفظ ہٹانے کی سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے۔
حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان ہونے والے معاہدے کی روشنی میں محکمہ داخلہ پنجاب نے ٹی ایل پی کے ساتھ کالعدم کا لفظ ہٹانے کی سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ کالعدم کا لفظ ہٹانے کی درخواست کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ ذیلی کیبنٹ کمیٹی برائے امن و امان نے ٹی ایل پی کے ساتھ کالعدم کا لفظ ہٹانے کی منظوری دے دی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور صوبائی کابینہ سے منظوری کے بعد وفاق کو تحریک لبیک کے ساتھ کالعدم کا نام ہٹانے کی سفارش کی جائے گی۔
خیال رہے کہ چند روز قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر مملکت علی محمد خان کی سربراہی میں حکومتی ٹیم نے تحریک لبیک پاکستان کے معاملے پر مفتی منیب الرحمان سمیت دیگر علماء سے مذاکرات کیے تھے۔
دونوں فریقین کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی روشنی میں اب تک 2000 سے زائد ٹی ایل پی کارکنان کو رہا کیا جا چکا ہے جبکہ ٹی ایل پی نے مختلف شہروں میں جاری دھرنے ختم کر دیے ہیں۔