جرمنی میں ایک دن میں نئے کورونا کیسز اتنے جتنے پہلے کبھی نہیں

Germany Corona

Germany Corona

جرمنی (اصل میڈیا ڈیسک) جرمنی میں ایک دن میں کورونا وائرس انفیکشنز کے تقریباﹰ چونتیس ہزار نئے کیس رجسٹر کیے گئے۔ نئے مریضوں کی یہ اتنی بڑی یومیہ تعداد ہے، جتنی کووڈ انیس کی عالمی وبا کے دوران جرمنی میں پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئی تھی۔

جرمنی یورپی یونین کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے اور یہاں بھی دیگر یورپی ممالک کی طرح کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران کئی ملین انسان متاثر ہو چکے اور ہزار ہا انتقال کر چکے ہیں۔ اس وبا کی گزشتہ لہروں کے بعد ملک میں نئی کورونا انفیکشنز کی تعداد مسلسل کم رہنے لگی تھی۔

اب لیکن بدلتی ہوئی صورت حال میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں رجسٹر کی گئی نئی انفیکشنز کی تعداد 33 ہزار 949 رہی، جو آج تک یومیہ بنیادوں پر اس وائرل انفیکشن کے پھیلاؤ کا نیا ریکارڈ ہے۔ گزشتہ روز جرمنی میں کووڈ انیس کے مزید 165 مریضوں کا انتقال بھی ہو گیا۔

جرمنی کے لیے یہ نئی پیش رفت اتنی اہم اور پریشان کن ہے کہ اس بارے میں اب وفاقی وزیر صحت اور تمام سولہ وفاقی صوبوں کے وزرائے صحت کے اگلے اجلاس میں بلاتاخیر مشورے کیے جائیں گے کہ اس تعداد کو جلد از جلد دوبارہ کم سے کم کیسے کیا جا سکتا ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں جتنی نئی انفیکشنز ریکارڈ کی گئیں، وہ 18 دسمبر 2020ء کے روز ریکارڈ کی گئی آج سے پہلے تک کی سب سے بڑی تعداد (33.777 کیسز) سے بھی زیادہ بنتی ہے۔

اس سے قبل ملک میں اس وبا کی تیسری لہر کے دوران زیادہ سے زیادہ یومیہ کیسز کی تعداد 29 ہزار 518 رہی تھی، جو اسی سال 22 اپریل کو ریکارڈ کی گئی تھی۔

جرمنی کی تقریباﹰ 83 ملین کی مجموعی آبادی میں سے اب تک قریب 67 فیصد باشندوں کی کورونا وائرس کے خلاف مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔ بہت سے جرمن شہری تاہم ابھی تک یہ ویکسین لگوانے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ بھی کر رہے ہیں۔