کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد رکن سندھ اسمبلی جام اویس کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کر دی گئی۔
پولیس نے ناظم جوکھیو قتل کیس کی سماعت کے سلسلے میں پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی جام اویس کو جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں پیش کیا، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔
جام اویس کی پیشی کے موقع پر پی پی کارکنان بھی عدالت کے باہر موجود تھے جب کہ مقتول ناظم جوکھیو کے اہلخانہ نے عدالت کے باہر احتجاج کیا۔
عدالت نے کیس کی مختصر سماعت کے بعد جام اویس کے جسمانی ریمانڈ میں تین روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں پولیس کی تحویل میں دے دیا۔
عدالت نے دیگر تین ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں بھی تین روز کی توسیع کی ہے۔