انقرہ (اصل میڈیا ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ اتاترک کو یاد کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کی جدوجہد کی پیروی کی جائے اور اس جدوجہد کے اسباب کو سمجھا جائے۔
صدر ایردوان نے دارالحکومت انقرہ میں محکمہ زبان و تاریخ کی طرف سے تاریخی صدارتی آکسٹرا کانسرٹ ہال میں “اتاترک کی یاد میں” کے زیرِ عنوان منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ ہم عظیم اور طاقتور ترکی کی تعمیر کے لئے کام کرنے والے ہر شخص کے شکر گزار ہیں۔ ہمارا مقصد جمہوریہ ترکی کے قیام کی 100 سالگرہ کے موقع پر اپنے ملک کو اس مقام پر لانا ہے کہ جس کا ہمارے آباو اجداد نے خواب دیکھا تھا اور ایسا بنانا ہے کہ جو ہماری آئندہ نسلوں کے شایان شان ہو۔ اس مقصد کے حصول کے لئے ہم نے تعلیم سے صحت تک اور سلامتی سے ٹیکنالوجی تک ایک مضبوط انفراسٹرکچر قائم کیا ہے۔ اس انفراسٹرکچر کی بنیادوں پر ہم، سیاسی اور اقتصادی طاقت کے ساتھ عالمی نمبر ون لیگ میں ایک صاحبِ ارادہ ترکی کی تعمیر کر رہے ہیں۔
صدر ایردوان نے کہا ہے کہ ہم نئی خدمات کے ساتھ جمہوریہ ترکی کو تازگی اور وسعت بخش رہے ہیں۔ اس وقت موجودہ صدارتی آکسٹرا ہال کی پرانی اور بالکل ساتھ نئی عمارت ہمارے اس طرزِ فکر کا ایک ٹھوس اظہار ہے۔ اسی طرح استنبول میں اتاترک ثقافتی مرکز کی پرانی اور نئی عمارت ہمارے ملک کی طے کردہ مسافت کا کھُلا ثبوت ہے۔
صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ “اتا ترک کی یاد منانا یقیناً نہایت اہمیت کا حامل ہے لیکن اصل اہم چیز یہ ہے کہ ہم اتاترک کی جدوجہد کو سمجھیں اور اس جدوجہد کے پسِ پردہ مقاصد کو جانیں”۔
انہوں نے کہا ہے کہ ” اس پہلو کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا گیا کہ ملّی ارادے کی بالادستی پر قائم یہ ملک تمام تر امتحانوں اور مشکلات کے باوجود ہمارے 2 ہزار سالہ دور کا دوام ہے”۔