لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے سابق چیف جج گلگت بلتستان کے انکشافات پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
مریم نواز نے والد نواز شریف کی تصویر اور خبر کا تراشہ شیئر کیا جس پر قرآن کی آیت درج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس شخص سے ڈرنا چاہیے جو صبر کرے اور اپنا فیصلہ اللہ پر چھوڑ دے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس میں ظالموں کیلئے بہت بڑا سبق ہے۔
خیال رہے کہ گلگت بلتستان کی سپریم ایپلٹ کورٹ کے سابق چیف جسٹس رانا ایم شمیم نے اپنے مصدقہ حلف نامے میں کہا ہے کہ وہ اس واقعے کے گواہ تھے جب اُس وقت کے چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے ہائی کورٹ کے ایک جج کو حکم دیا تھا کہ 2018 کے عام انتخابات سے قبل نواز شریف اور مریم نواز کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔
گلگت بلتستان کے سینئر ترین جج نے پاکستان کے سینئر ترین جج کے حوالے سے اپنے حلفیہ بیان میں لکھا ہے کہ ’میاں محمد نواز شریف اور مریم نواز شریف عام انتخابات کے انعقاد تک جیل میں رہنا چاہئیں۔ جب دوسری جانب سے یقین دہانی ملی تو وہ (ثاقب نثار) پرسکون ہو گئے اور ایک اور چائے کا کپ طلب کیا‘۔