فرانس (اصل میڈیا ڈیسک) فرانسیسی صدر صدر ایمانوئل میکرون نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کو کہا ہے کہ فرانس یوکرین کی علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے تیار ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی )کے مطابق پیر کے روز صدر ایمانوئل میکرون اور روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں فرانسیسی صدر نے روسی صدرکو کہا کہ فرانس یوکرین کی علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے تیار ہے۔
رپورٹس کے مطابق فرانس نے یہ فیصلہ نیٹو چیف کی جانب سے روس کو کسی بھی جارحیت کے خلاف خبردار کرنے کے بعد کیا ہے۔
فرانسیسی صدر کے دفتر کے مطابق روسی صدر سے ایک گھنٹہ 45 منٹ تک جاری رہنے والی ٹیلی فونک گفتگو میں میکرون نے یوکرین کی علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے آمادگی کا اظہار کیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی صدر کا کہنا تھا کہ یوکرین کے حکام کی طرف سے مذاکرات کو مشکل بنایا گیا۔
واضح رہے کہ امریکابھی یوکرین کے ساتھ سرحد پر روسی فوجیوں کی حالیہ نقل و حرکت پر تشویش کا اظہار کر چکا ہے۔