دبئی (اصل میڈیا ڈیسک) امارت دبئی نے بین الاقوامی کمپنیوں کے ملازمین کے لیے پانچ سالہ ویزا (انٹری پرمٹ) متعارف کرا دیا ہے۔
دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد نے ٹویٹر پر یہ نیا ویزا متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔انھوں نےایک ٹویٹ میں کہا کہ’’ہمارا مقصد اداروں کو سہولت مہیا کرنا ،ان کی ٹیموں کو سال بھر دبئی میں منعقد ہونے والے اجلاسوں، کانفرنسوں اور نمائشوں میں شرکت کے لیے دبئی میں آنے جانے کے قابل بنانا ہے۔‘‘
متحدہ عرب امارات میں رہائش عام طور پر روزگار سے وابستہ ہے،اس نے حالیہ برسوں میں ویزا کے متعدد نئے اختیارات (آپشنز) متعارف کرائے ہیں۔
یو اے ای نے 2019ء میں دس سالہ ’گولڈن‘ویزا اوراس سال جنوری میں پانچ سالہ سیاحتی ویزا متعارف کرایا تھا۔
اس کےعلاوہ یواے ای میں 14لاکھ ڈالر(50 لاکھ امارتی درہم) یااس سے زیادہ مالیت کی جائیداد میں سرمایہ کاری کرنے والےافراد پانچ سال کی مدت کے رہائشی ویزے کے اہل ہیں۔ایسے افراد کے لیے شرط یہ ہے کہ انھوں نے جائیداد خرید کر رکھی ہواورانھیں کم سے کم تین سال تک اس کا مالک ہونا چاہیے۔
ایسے کاروباری افراد جن کا کم ازکم سرمایہ 136,000 ڈالر(500,000 امارتی درہم) ہے، یا جو کسی تسلیم شدہ کاروباری ادارے کا حصہ ہیں،وہ چھے ماہ کا ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔اس ویزے کی مزید چھے ماہ کی مدت کے لیے تجدید کی جا سکتی ہے۔
سیکنڈری اسکول میں 95 فی صدسے زیادہ نمبر یا 3.75 یا اس سے زیادہ گریڈ پوائنٹ اوسط (جی پی اے) والےغیر معمولی طلبہ پانچ سالہ ویزے کے اہل ہیں اوراپنے اہل خانہ کی کفالت کر سکتے ہیں۔