لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پنجاب میں ہر گزرتے دن کے ساتھ فضائی آلودگی میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں آج بھارتی دارالحکومت نئی دہلی پہلے اور لاہور دوسرے نمبر پر ہے۔
ائیرکوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور کی فضا انتہائی آلودہ ہے اور وہاں پرٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد 306 تک جا پہنچی ہے جبکہ نئی دہلی میں پرٹیکلیولیٹ میٹرز کی تعداد 400 ریکارڈ کی گئی۔
آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں کراچی نویں نمبر پر ہے اور شہرِ قائد کی فضا میں پرٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد 162 ریکارڈ ہوئی۔
فضائی آلودگی میں تیسرا نمبر چین کے شہر ووہان کا ہے جہاں پرٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد 210 ریکارڈ کی گئی۔
ائیر کوالٹی انڈیکس کا بتانا ہے کہ درجہ بندی کے مطابق 151 سے 200 درجے تک آلودگی مضر صحت، 201 سے 300 درجے تک آلودگی انتہائی مضر صحت اور 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے اسموگ سے نزلہ، زکام، کھانسی اور دیگر انفیکشنز جنم لے سکتے ہیں تاہم ماہرین کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ماسک کا استعمال یقینی بنانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔