اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین سندھ اور بلوچستان میں آٹا سستا نہ ہونے پر ناراض ہو گئے۔
وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ حکومت ذخیرہ اندوزوں کیخلاف پر عزم ہے،ذ خیرہ اندوزی کے خاتمے کیلیے قانون پر جلد عملدرآمد شروع کیا جائے گا، مشیر خزانہ نے صوبائی حکومتوں کو کھاد کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت اقدامات کی بھی ہدایت کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ملک میں گندم، چینی، دالوں، مرغی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی سیکریٹری خزانہ نے اجلاس کے شرکا کوملک میں ہفتہ وار حساس قیمتوں کے اشاریہ کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس ہفتے میں 6 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا اور 15اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ دال مونگ اور پیاز کی قیمتوں میں اس ہفتے میں نمایاں کمی رہی ہے، 20 کلو آٹے کے تھیلے کی مقررہ قیمت 11 سو روپے اسلام آباد صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومتوں کی فعال کوشش کی وجہ سے اس ہفتے بھی برقرار ہی ہے۔