بنگلا دیش (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلادیش کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے دی۔
تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 128 رنز کا ہدف دیا، پاکستان نے ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
ڈھاکہ میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلا دیش کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت نہ ہوا۔
پاکستانی بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلا دیش کو مقررہ 20 اوورز میں 127 رنز تک محدود رکھا۔
بنگلا دیش کے خلاف پاکستان کی پہلی وکٹ پاکستانی بولر حسن علی نے لی جس کے بعد بنگلا دیشی کھلاڑیوں کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا اور یکے بعد دیگرے کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے تین، محمد وسیم جونیئر نے دو جبکہ محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن بھی متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکی۔ اوپنرمحمد رضوان اور کپتان بابر اعظم بالترتیب 11 اور 7 رنز بناسکے۔ اس کے بعد حیدر علی اور شعیب ملک بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
فخر زمان اور خوشدل شاہ نے اس موقع پر مزاحمت کی اور فخر زمان 36 گیندوں پر 34 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ خوشدل شاہ نے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔
ایک موقع پر میچ پاکستان کی پہنچ سے دور محسوس ہورہا تھا لیکن شاداب خان اور محمد نواز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو فتح دلادی۔ پاکستان نے یہ میچ 4 وکٹوں سے اپنے نام کرکے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔
شاداب خان نے 10 گیندوں پر 21 اور محمد نواز نے 8 گیندوں پر 18 رنز بناکر ٹیم کو فتح دلائی۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں آؤٹ آف فارم رہنے والے حسن علی مین آف دی میچ قرار پائے جنہوں نے 22 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں۔
ٹاس کے بعد بابر اعظم کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی کو آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ محمد وسیم جونیئر کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے والی قومی ٹیم کے 4 کھلاڑی آج بنگلا دیش کے خلاف پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں تھے۔ محمد حفیظ سیریز سے دستبردار ہو چکے ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو آرام کا موقع دیا گیا۔ آصف علی اور عماد وسیم پہلے ٹی ٹوئنٹی کے لیے اعلان کردہ 12 قومی کھلاڑیوں میں شامل نہیں تھے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 20 نومبر بروز ہفتہ ڈھاکا ہی میں کھیلا جائے گا۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔