پنجاب: اسموگ پر قابو کیلئے دفاتر میں حاضری 50 فیصد، دھوئیں والی گاڑیوں پر جرمانہ ہوگا

Smog

Smog

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) اسموگ پر قابو پانے کے لیے پنجاب حکومت نے بڑے فیصلے کرتے ہوئے لاہور میں نجی دفاتر کو تاحکم ثانی 50 فیصد ملازمین کے ساتھ کام کرنے کا حکم دے دیا۔

حکومت پنجاب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صوبے کے انتظامی ادارے 25 نومبر سے 15 جنوری تک لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان ڈویژن میں سرکاری گاڑیوں کا کم استعمال کریں گے جبکہ سیکرٹریٹ میں 50 فیصد گاڑیوں کی موجودگی روزانہ مانیٹر کی جائے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دھوئیں پر کنٹرول اور نگرانی کیلئے صنعتی یونٹ 4 دسمبر تک کیمروں کی تنصیب یقینی بنائیں گے جبکہ محکمہ اسکول ایجو کیشن اور ہائر ایجوکیشن 50 فیصد گاڑیوں کے ذریعے بچوں کا پک اینڈ ڈراپ یقینی بنائیں گے۔

حکومت پنجاب کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فصلوں کی باقیات اور کوڑا جلانے پر 50 ہزار روپے جرمانہ ہو گا، زیگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹوں کو 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے اور دھواں چھوڑنے والی سرکاری اور نجی گاڑیوں کو 200 روپے جرمانہ ہو گا۔

اس کے علاوہ جو صنعتی یونٹ دھوئیں پر کنٹرول کے لیے آلات نصب نہیں کریں گے انہیں بھی 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک جرمانہ ہو گا اور یہ تمام پابندیاں تاحکم ثانی عائد رہیں گی۔